سرینگر//پولیس جوانوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیحات قرار دیتے ہوئے ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے کہا کہ پولیس جوانوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ٹھوس اور موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی تعاون سے پولیس جوانوں کے راشن الائنس کو دوگنا کیا گیا جبکہ ڈیوٹی کے دوران جاںبحق ہونے والے اہلکار کی ایکس گریشیا ریلیف 20 لاکھ تک بڑھا دی گئی ہے ۔ 13 ویں پولیس ویلفیئر میٹنگ پولیس ہیڈ کوارٹرس کے آڈی ٹوریم میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ایس پی وید کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں پولیس ویلفیئر اسکیم کے بارے میں مختلف امورات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ جموںوکشمیر پولیس کے جوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئی اہم فیصلے لئے گئے ۔ ریاستی پولیس کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مذکورہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی پویس کے سربراہ ایس پی وید نے کہا کہ ویلفیئر کمیٹی کے نمائندوں کا انتخاب کھلے طور عمل میں لایا گیا اور اس کمیٹی کی بدولت جموںوکشمیر پولیس کے جوانوں کو وقت وقت پر تعاون حاصل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ کیو ریاستی حکومت خاص طور پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو پولیس جوانوں کے مطالبات کو حل کرانے کیلئے قائل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس تعاون سے جوانوں کے راشن الائونس دوگنا کیا گیا جبکہ جاںبحق ہوئے اہلکاروں کیلئے ایکس گریشیا ریلیف 20 لاکھ تک کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر معاملات کے حوالے سے بھی حکومت کو ایک منصوبہ بھیج دیا گیا ہے ۔ ریاستی پولیس کے سربراہ نے کہا کہ پولیس جوانوں اور افسروں کو معقول سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بھی موثر اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ پولیس پبلک اسکول کا ذکر کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ مذکورہ اسکول کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دی گئی ہے اور یہاں زیر تعلیم بچوں کیلئے جدید سہولیات میسر رکھی گئی ہیں ۔ اس موقعے پر اسپیشل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس پی ایچ کیو وی کے سنگھ نے پولیس ویلفیئر اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کافی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اورمستقبل میں اس طرح کی کوششیں جاری رہیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جوانوں کو معقول طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہیلتھ کیر اسکیم متعارف کرانے کیلئے ریاستی حکومت کو ایک منصوبہ بھیج دیا گیا ہے اور امید ہے کہ ہماری طرف سے پیش کی گئیں سفارشات کو عملی جامع پہنایا جائیگا ۔ تقریب کے آخر پر آئی جی پی ہیڈکوارٹرس سریندر گپتا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔