سرینگر //ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے پولیس اہلکاروں کی اغواکاری میں ملوث جنگجوئوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا اعادہ کرتے ہوئے اہلکاروں کوچھٹیوں کے دوران احتیاط سے کام لینے کی ہدایت کی ۔ ڈاکٹر وید نے سنیچر کو ہمہامہ بڈگام میں بی ایس ایف کی پاسنگ آوٹ پریڈ کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی جنگجو پولیس اہلکار کی اغواکاری میں ملوث پایا جائے گا اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایس پی وید نے بتایا کہ جنگجوئوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں کی اغواکاری کو روکنے کے لیے پولیس اہلکاروں کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اہلکاروں کو چھٹیوں کے دوران احتیاط برنے اور چوکنا رہنے کی خصوصی ہدایت دی گئی ہے۔