سری نگر//گورنر کے مشیر بی بی وِیاس نے ریاست میں سخت حالات کے دوران بھی فرائض کی انجام دہی کے لئے پیشہ وارانہ اقدار برقرار رکھنے پر ریاستی پولیس کی سراہنا کی ہے۔کمانڈو ٹریننگ سینٹر لیتہ پورہ پلوامہ میں بی آر ٹی سی کے پانچویں بیچ کی اٹیسٹیشن کم پاوسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’ میں لوگوں کی فلاح و بہبود کی خاطر کام کرنے کے لئے پولیس فورس کو مبارک باد دیتا ہوں۔سخت حالات میں اپنی قابلیت ثابت کرنے کے لئے مجھے جموںوکشمیر پولیس پر ناز ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ پولیس کے سامنے آئندہ اور بھی چیلنج رہیں گے ۔ مشیر موصوف نے کہا کہ ریاست میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پولیس فورس کو ان حالات میں اہم ذمہ داری نبھانی ہوگی ۔اس موقعہ پر انہوں نے مختلف شعبوںمیں بہترین کارکردگی دکھانے والے رکروٹوں کو اعزازات سے نوازا۔بی بی وِیاس جو کہ تقریب پر خاص مہمان کی حیثیت سے موجود تھے نے پریڈ پر سلامی لی۔اس بیچ میں کمانڈو ٹریننگ سینٹر سے کل 790 جوانوں نے تربیت مکمل کی ہے ۔اس سے قبل ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے اپنے خطاب میں کہا کہ سخت حالات میں پیشہ وارانہ انداز میں کام کرنے کے لئے ملک بھر میں جموںو کشمیر پولیس کی سراہنا کی جاتی ہے۔ اس موقعہ پر ٹریننگ کالج کے پرنسپل محمد عارف ریشو نے ٹریننگ کالج میں کیڈٹوں اور رنگروروٹوں کو فراہم کی جانے والی تربیت کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔تقریب پر اے ڈی جی پی لأ اینڈ آڈر منیر احمد خان ، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی عبدا لغنی میر ، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی ،ڈپٹی کمشنر پلوامہ جی ایم ڈار اور پولیس و سی آر پی ایف کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔