تھنہ منڈی //محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے شروع کی گئی ’پولی تھین سے پاک گائوں ‘نامی مہم کا تھنہ منڈی میں بھی آغاز ہوا۔یہ مہم سنیچر کے روز بلاک دفتر سے شروع کی گئی جس میں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر تھنہ منڈی عابد حسین،پروگرام آفیسر ،انسپکٹر کے علاوہ گرام سیوک روزگاروںنے بھی شرکت کی ۔اس مہم کا مقصد گائوں کو پولی تھین سے پاک کرنا اور پولی تھین کے استعمال کو ترک کرناہے ۔محکمہ دیہی ترقی کے آفیسران کا کہناہے کہ محکمہ کے وزیر عبدالحق خان کی طرف سے یہ مہم اس لئے شروع کی گئی ہے تاکہ ریاست کے آبی و زرعی وسائل کا تحفظ کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ پولی تھین سے زرعی اراضی اور آبی وسائل کو زبردست نقصان پہنچ رہاہے جس کے نتیجہ میں فصلیں کم ہو تی ہیںاورپانی کے وسائل ختم ہورہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس مہم کے تحت بلاک تھنہ منڈی کی ہر پنچائت میں کیمپ لگا کر لوگوں کو با خبر کیا جائے گاتاکہ وہ آئندہ پولی تھین کا استعمال نہ کریں ۔اس دوران بلاک دفتر کے گردونواح صفائی مہم چلا کر کے تمام کوڑا کرکٹ و غلاظت کو آگ کی نذرکیاگیا۔بعد ازآں پروگرام آفیسر تھنہ منڈی یاسر لطیف نجارکی سربراہی میں شاہدرہ شریف مارکیٹ کا معائنہ کیا گیا ۔انکے ہمراہ انسپکٹر محمد تعارف ملک، گرام سیوک منیر حسین بھی تھے۔اس دوران 11 کلو پولی تھین لفافے ضبط کرکے 700 روپے بطور جرمانہ وصول کئے گئے۔