نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کو ان کی 53ویں برسی پر یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر مودی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا''پنڈت جواہر لعل نہرو کو ان کی 53برسی پر سچی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں''۔صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی،نائب صدر ڈاکٹرحامد انصاری،سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ ، کانگریس صدر سونیا گاندھی سمیت دیگر لیڈروں نے بھی پنڈت نہرو کو ان کی 53ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کی۔ ان لیڈران نے شاندتی ون واقع ان کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کیا اور کل مذہبی دعا کا بھی اہتمام کیا گیا۔ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے بھی سابق وزیر اعظم کو یادکیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے ٹویٹ کرکے کہا ''پنڈت نہرو کو ہمیشہ یاد کرتا ہوں اور ان کے بتائے ہوئے نقش قدم پر چلنے کی کوشش بھی کرتا ہوں۔انہوں نے جن اقدارکو زندگی میں اختیار کرنے کی نصیحت کی ہے وہ آگے بڑھنے میں انتہائی معاون ہیں''واضح رہے کہ آنجہانی نہرو نے 15اگست 1947 کو ملک کے پہلے وزیر اعظم کے طورپر حلف لیا تھا۔ملک کو برطانوی تسلط سے آزادی ملنے کے بعد انہوں نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی تھی ۔ ان کی وفات 27مئی 1964 کوہوئی۔آنجہانی نہرو کوملک کے سب سے طویل عرصے تک وزیر اعظم رہنے کا اعزاز حاصل ہے ۔ ان کی پیدائش 14نومبر1889 کواترپردیش کے الہ آباد ضلع میں ہوئی تھی۔یو این آئی