جموں//ریاست میں کل منعقد ہونے والے پنچائتی انتخابات کے پانچویں مرحلے کے دوران 2512 پولنگ مراکز پر ووٹنگ ہو گی جن میں سے کشمیر صوبے کے 769 اور جموں صوبے کے 1743 پولنگ مراکز شامل ہیں ۔ پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہو کر دو بجے تک جاری رہے گا ۔ سی ای او جے اینڈ کے شالین کابرا کے مطابق 848 پولنگ مراکز کو انتہائی حساس زمرے میں رکھا گیا ہے جن میں سے کشمیر صوبے کے 755 اور جموں صوبے کے 93 پولنگ مراکز شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پانچویں مرحلے میں 309 سرپنچ اور 1534 پنچ حلقوں کیلئے 4763 اُمیدوار میدان میں ہیں جبکہ 118 سرپنچوں اور 1046 پنچوں کو پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا جا چکا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانچویں مرحلے کے دوران 404283 ووٹر سرپنچ حلقوں اور 270295 ووٹر پنچ حلقوں کیلئے ووٹ ڈالیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹروں میں پہلے ہی فوٹو ووٹر سلپ تقسیم کئے جا چکے ہیں ۔ شالین کابرا نے کہا کہ 17 نومبر 2018 کو منعقد ہوئے پہلے مرحلے کے دوران ریاست میں 74.1 ووٹنگ درج کی گئی جس میں سے 64.5 فیصد کشمیر صوبے جبکہ 79.4 فیصد ووٹنگ جموں میں ریکارڈ کی گئی ۔ 20 نومبر 2018 کو منعقد ہوئے دوسرے مرحلے کے دوران مجموعی طور پر ریاست میں 71.1 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی اس مرحلے کے دوران جموں صوبے میں 80.4 اور کشمیر میں 52.2 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ۔ اسی طرح تیسرے مرحلے کے دوران ریاست میں 75.2 فیصد ووٹنگ درج کی گئی اس مرحلے میں کشمیر صوبے میں 55.7 جبکہ جموں صوبے میں 83 فیصد ووٹروں نے اپنی حقِ رائے دہی کا استعمال کیا ۔ پنچائتی انتخابات کے چوتھے مرحلے کے دوران ریاست میں مجموعی طور پر 71.3 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی جبکہ اس مرحلے کے دوران جموں صوبے میں 82.4 اور کشمیر صوبے میں 32.3 فیصد ووٹنگ درج کی گئی ۔ سی ای او نے کہا کہ متعلقہ ریٹررننگ افسروں نے ان حلقوں کے نتایج کا اعلان کیا ۔ کابرا نے کہا کہ مختلف شکائتی معاملات اور عدالتی احکامات کے تناظر میں مناسب احکامات صادر کئے گئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر سلیکشن شیڈول دوبارہ مرتب کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمنامے اور نوٹیفکیشن سی ای او جموں کشمیر کی ویب سائیٹ پر دستیاب ہیں ۔ سی ای او نے کہا کہ پنچائتی انتخابات 2018 کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے جنرل ابزرور تعینات کئے گئے ہیں علاوہ ازیں اُمیدواروں کے اخراجات پر نظر رکھنے کیلئے ایکسپنڈیچر ابزرور بھی تعینات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور سے انتہائی حساس پولنگ مراکز پر مائیکرو ابزرور تعینات کئے گئے ہیں اس کے ساتھ ساتھ زونل اور سیکٹر مجسٹریٹ بھی تعینات کئے گئے ہیں ۔ سی ای او نے کہا کہ ریاست کے تمام ضلعوں میں جانکاری فراہم کرنے کیلئے کنٹرول روم قایم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی سمیت تمام انتظامات مکمل کئے جا چکے ہیں ۔ سی ای او نے کہا کہ حکومت نے چناؤ ہونے والے علاقوں میں پولنگ کے دن چھٹی کا اعلان کیا ہے تا کہ ووٹر ووٹ ڈال سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ جن ملازمین کو دیگر علاقوں میں ووٹ ڈالنے جانا ہو گا اُن کے حق میں خصوصی کیجول لیو منظور کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی دفاتر رہنما خطوط کے مطابق بند نہیں ہوں گے تا ہم ان دفاتر کے جو ملازمین اپنی حقِ رائے دہی کا استعمال کرنا چاہتے ہوں انہیں یہ سہولت فراہم کی جائے گی ۔ سی ای او نے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی حقِ رائے دہی کا استعمال کرنے کیلئے آگے آئیں تا کہ اُن کے مقامی مسائل حل کئے جا سکیں ۔