عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// وزیربرائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی اور پنچایتی راج جاویداحمد ڈار نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیرمیں پنچایتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں اور حکومت نچلی سطح پر جمہوری اداروں کو جلد از جلد بحال کرنے کی خواہشمند ہے۔کابینہ وزیر جاویداحمد ڈار نے نامہ نگاروںکو بتایاکہ جموں وکشمیرمیں پنچایتی انتخابات جلد ہوں گے اوراسے متعلق عمل جاری ہے۔ان دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہ نیشنل کانفرنس پنچایتی انتخابات کے بارے میں تذبذب کا شکار ہے، جاویداحمدڈار نے کہا کہ حکمران جماعت کے پاس 1998، 2011 اور 2020 میں ایسے انتخابات کرانے کا مضبوط ریکارڈ ہے۔ پنچایتی راج کے وزیر جاویداحمد ڈار نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کی ایک تاریخ ہے، جب ڈاکٹر فاروق عبداللہ 1996 میں اقتدار میں واپس آئے تو 1998 میں پنچایتی انتخابات ہوئے۔ بعد میں 2011 میں، عمر عبداللہ کے دور میں، میں وزیر مملکت تھا اور ہم نے دیہی علاقوں میں ریکارڈ توڑ پولنگ دیکھی ۔