پلوامہ//پلوامہ کالج میں گزشتہ ہفتہ ہوئے واقعہ پر کارروائی کرتے ہوئے ڈگری کالج کے پرنسپل کو منسلک کردیا گیا ہے جبکہ کالج میں ہوئے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ اعلی تعلیم کی جانب سے اس سلسلے میں جو کاروائی عمل میں لائی گئی اس میں صوبائی کمشنر کشمیر کو تحقیقاتی افسر مقرر کیا گیا ہے۔ اس ضمن میںکشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے تعلیم کے وزیرالطاف بخاری نے بتایا کہ انہوں نے اس واقعہ کی تحقیقات کے لئے پہلے پرنسپل کو ڈائریکٹرکالجز آفس کیساتھ منسلک کر دیا ہے جس کے بعد تحقیقات شروع کی گئی ہے جوصوبائی کمشنرکریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پرنسپل کو کوئی سزا نہیں دی گئی ہے تاہم اسے اس لئے منسلک کردیا گیا ہے تاکہ بلا خلل اور تحقیقات ہو سکے۔ان کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم کو ایک ہفتے کے اندر اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ صوبائی سطح پر اس قسم کی کاروائی اور تحقیقات عمل میں لائی گئی ہے۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ جس دن یہ واقعہ رونما ہوا اس روز پلوامہ کے ڈپٹی کمشنر ضروری سرکاری کام کیلئے جموں میں تھے جبکہ ایس ایس پی رخصت پر تھے۔ادھرایس ایس پی پلوامہ رئیس بٹ نے بتایا کہ اس سلسلے میں کیس درج کیا گیا ہے۔