مشتاق الاسلام
پلوامہ // زکورہ میں چند روز قبل 1200کلو گرام سڑے ہوئے گوشت کی ضبطی کے بعد سرینگر میں ہی ایک رضاکار تنظیم سے 250کلو گرام نا قابل استعمال گوشت کی ضبطی کے بعد پلوامہ میں اسی طرح کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کاکاپورہ پولیس اور محکمہ فوڈ سیفٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 350 کلو گرام مضر صحت گوشت برآمد کرکے تلف کر دیا۔گوشت کی بڑی مقدار کو للہارہ کاکاپورہ کے علاقے میں گہری کھدائی کر کے مناسب طریقے سے تلف کیا گیا تاکہ کسی قسم کا ماحولیاتی یا صحت عامہ کا خطرہ پیدا نہ ہو۔حکام کے مطابق ضبط شدہ گوشت کی کوئی رجسٹریشن تھی اور نہ ہی اس کی نقل و حمل کے کوئی دستاویزات دستیاب تھے۔ جس کی بنیاد پر اسے انسانی استعمال کیلئے خطرناک قرار دیا گیا۔محکمہ فوڈ سیفٹی نے کہا کہ سخت نگرانی اور چھاپہ مار کارروائیاں جاری رہیں گی۔