سرینگر//ریاست میں حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے سڑک رابطہ کی توسیع کے پروگرام کے تحت ضلع پلوامہ میں190 کروڑ روپے کی لاگت سے150 کلو میٹر سڑک مسافت کی توسیع پر کام جاری ہے۔محکمہ تعمیرات عامہ کے ایک ترجمان کے مطابق ضلع پلوامہ میں مختلف مرکزی و ریاستی سکیموں کے تحت قریباً30 اہم سڑکوں اور پُلوں کی توسیع اور تعمیر نو کا کام شروع کیا گیا ہے۔ضلع پلوامہ میں سڑک رابطہ سہولیت کی توسیع پروگرام کے بارے میں وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو جو کہ ضلع کے راجپورہ حلقہ انتخاب کی قانون ساز اسمبلی میں نمائندگی کر رہے ہیں، نے کہا کہ بہتر سڑک رابطہ سے ان علاقوں کی بھاری اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لانے میں مدد ملے گی اور اُن سیاحتی مقامات میں بھی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا جہاں اب تک سیاحوں کی رسائی نہیں ہوئی ہے۔