مشتاق الاسلام
پلوامہ// پلوامہ کے متعدد دیہات اس وقت شدید زرعی بحران سے دوچار ہیں، جہاں بڑے پیمانے پر دھان کی فصلیں مسلسل پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ شالہ ٹوکنہ، ملنگ پورہ، گلزارپورہ، بیگ پورہ اور آس پاس کے درجنوں دیہات سے تعلق رکھنے والے کسانوں کا کہنا ہے کہ پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث کھیت جھیلوں میں تبدیل ہو چکے ہیں،اور اس سال کی پوری فصل برباد ہو چکی ہے۔شالہ ٹکنہ کے باشندے طارق عزیز نامی ایک کسان نے بتایا’’ہمارے کھیتوں میں دھان تو کیا، اب تو گھاس بھی کاٹنا ممکن نہیں رہا۔ حالات انتہائی تشویشناک ہیں اور ہم مکمل طور پر بے بس ہیں‘‘۔کسانوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بارہا انتظامیہ کو صورتحال سے آگاہ کیا مگر اب تک کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔ گزشتہ مہینے کی متواتر بارش اور ناقص نکاسی آب کے باعث کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں جبکہ زمین اتنی دلدلی ہو چکی ہے کہ آئندہ بوائی بھی ممکن نہیں۔ گلزارپورہ کے ایک اور کسان نے کہا کہ یہ صرف فصل کا نقصان نہیں بلکہ ہماری سال بھر کی جمع پونجی اور امیدیں ختم ہو گئی ہیں۔ ہم صرف کاشتکاری پر گزارا کرتے ہیں اور اب ہمارے پاس کچھ نہیں بچا۔ انہوں نے حکومت سے فوری طور مالی معاوضہ فراہم کرنے کی اپیل کی۔