سرینگر/جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں لیتر کے چکورہ علاقے میں بدھ کو عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان معرکہ آرائی میں ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا۔
جاں بحق جنگجو کی شناخت عرفان احمد شیخ ساکنہ چکورہ کے طور ہوئی ہے جو لشکر طیبہ کا کمانڈر تھا۔
ذرائع نے کہا کہ معرکہ آرائی کے آس پاس مظاہرین اور فورسز کے مابین شدید جھڑپیں بھڑک اُٹھی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد چکورہ گائوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
اس دوران چھپے جنگجوئوں نے فورسز پر گولیاں چلائیں جس کے بعد معرکہ آرائی شروع ہوگئی۔
ذرائع نے کہا کہ معرکہ آرائی کی جگہ کے آس پاس سینکڑوں لوگوں نے موسم کی شدید خرابی کے باوجود فورسز آپریشن کو ناکام بنانے کیلئے اہلکارں پر سنگباری کی جبکہ فورسز نے بھی اُن کیخلاف کارروائی عمل میں لائی۔
علاقے میں فورسز آپریشن اور جھڑپیں آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھیں۔