ترال //لیتہ پورہ فدائین حملے میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کی یاد میں منگل کو ضلع پلوامہ کے کچھ علاقوںمیں مسلسل دوسرے روز بھی تعزیتی ہڑتال رہی۔تاہم ضلع بھر میں انٹر نیٹ خدمات کے ساتھ ساتھ جنوبی کشمیر میں ریل خدمات بھی بحال کی گئیں۔جنگجوئوںکی یاد میںمنگل کو پلوامہ، راجپورہ، ترال، دربگام اور اس کے مضافاتی علاقوں میںبدستور دوسرے روز بھی تعزیتی ہڑتال کے بطور دکانیں ، کاروباری ادارے اورسرکاری و نجی دفاتر تالہ بند رہے ۔صبح سویرے سے ہی ترال اور دربگام میں جاں بحق ہوئے جنگجو ئوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کیلئے آنے والے لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا جس دوران دونوں کے آبائی گھروںپر دعائیہ مجالس کا اہتمام بھی کیا گیا۔ منگل کی صبح پلوامہ ضلع کے تمام علاقوں میںموبائیل انٹرنیٹ اور براڈ بینڈسروس دوبارہ بحال کی گئی۔صورتحال میں بہتری کے باعث سرینگر اور بانہال کے درمیان ریل سروس بھی بحال کی گئی۔