اشتیاق ملک
ڈوڈہ//رکنِ اسمبلی ڈوڈہ مہراج ملک نے کہا ہے کہ پہلے سے غیر محفوظ قرار دیے جانے والے پل ڈوڈہ پل میں اتوار کے روز مزید نئی دراڑیں پڑ گئی ہیں، جس سے عوام کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مہراج ملک نے متعلقہ حکام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سرمائے کو ناقص تعمیراتی کاموں کے ذریعے لوٹنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف آج تک کوئی مؤثر کارروائی کیوں نہیں کی جاتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوامی وسائل کے ضیاع اور لوگوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کا سلسلہ بند ہو۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پل ڈوڈہ پل کا فوری تکنیکی معائنہ کرایا جائے، دراڑوں کی وجوہات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں،ساتھ ہی ناقص تعمیراتی کام کے ذمہ دار افراد کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ادھر مقامی لوگوں نے بھی پل کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری مداخلت اور مستقل حل فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔