محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے سب ڈویژن رام سو میں واقع سجمتنہ پنچائت میں لوگوں کی بڑی آبادی کو جوڑنے والے ایک پل کا اپروچ لنک ڈھ کر ٹوٹ گیا ہے اور کئی راستے حالیہ بارشوں کی وجہ سے منقطع ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں کی آبادی کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ رامسو کی پنچایت سجمتنہ۔ دردہی کے ایک درجن کے قریب علاقے ابھی تک سڑک رابطے سے جوڑے نہیں گئے ہیں اور ڈھلوان پہاڑی سلسلوں سے پکڈنڈیوں اور راستوں سے چل کر ہی یہاں روزمرہ کی زندگی کے معمولات چلتے ہیں۔ علاقے کے مقامی شہری شبیر احمد ڈینگ اور محمد عمر نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مکرکوٹ میں واقع سجمتنہ پنچایت میں پنچایت گھر اور کھوڑا ، درگلی اور دردہی کے علاقوں کو جوڑنے والا پْل کا راستہ حالیہ ماہ میں ہوئی بارشوں کے نتیجے میں ڈھ گیا ہے اور پل کے ساتھ رابط مکمل طور سے کٹ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے پنچایت سجمتنہ۔ دردہی کی بھاری آبادی کے روز مرہ کے رسل و رسائل کے معاملات میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور لوگوں کو دور پر خطر راستوں سے آنا جانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ہفتوں کا وقت گزر جانے کے باوجود اس علاقے کے منقطع رابطوں اور راستوں کو بحال کرنے کیلئے سب ضلع انتظامیہ رامسو اور محکمہ دیہی ترقیات نے کوئی حرکت نہیں کی ہے اور ناہی ہی عوامی مشکلات کی کسی کو کوئی پرواہ ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت گھر کے پل سے دیگر علاقوں کو جانے والے روابط کو جلد از جلد بحال کیا جائے تاکہ مقامی لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ ، ضلع انتظامیہ رام بن اور سب ڈویژن حکام رامسو سے استدعا کی ہیکہ وہ پنچایت سجمتنہ کی وسیع آبادی کے سڑک ، بجلی اور تعمیر وترقی کے مسائل کی طرف توجہ دیں اور ہی وگن۔ نیل رابطہ سڑک پر حالیہ بارشوں سے پیدا ہوئی رکاوٹوں کو فوری طور دور کیا جائے تاکہ گاڑیوں کی نقل وحرکت بنا کسی دشواری کے جاری رہ سکے۔