محمد تسکین
بانہال //جموںسرینگر شاہراہ جمعرات کو رام بن ضلع میں کئی مقامات پر بھاری بارش سے مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔ٹریفک حکام نے کہا کہ امرناتھ یاتریوں کو لے جانے والے قافلے سمیت تقریباً1500سے زائد گاڑیاں شاہراہ کے مختلف مقامات پر درماندہ ہو گئیں۔270 کلومیٹر طویل شاہراہ، کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والی واحد ہر موسم والی سڑک، رام بن ضلع میں چار مقامات پر پتھر، پسیاں اور مٹی کے تودے گر آنے سے بند کر دی گئی۔کیفے ٹیریا مور رام بن میں بدھ کی رات سے پتھر گرنے سے شاہراہ بند رہی۔ جبکہ جمعرات کی صبح کے اوقات میں تیز بارشوں کی وجہ سے قومی شاہراہ رام بن کے مہاڑ ، سیری ، کیلا موڑ ٹنل ، ماروگ اور پنتھیال سمیت کئی مقامات پر پتھروں ، پسیوں اور ملبے کی زد میں آنے کی وجہ سے بند ہوگئی تھی ۔
عہدیداروں نے بتایا کہ امرناتھ یاتریوں کو کشمیر لے جانے والے قافلے کو چندر کوٹ اور ناشری میں روک دیا گیا ،جبکہ جموں واپس آنے والے یاتریوں کو میر بازار اننت ناگ میںروکا گیا ۔ ایس ایس پی ٹریفک رام بن شبیر احمد ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رام بن ۔ بانہال سیکٹر کے بیشتر متاثرہ مقامات کو ٹریفک کی آمد و رفت کے قابل بنایا گیا تاہم کیفٹیریا موڑ اور پنتھیال سٹیل ٹنل پرمسلسل پتھروں کی وجہ سے بحالی کا کام دن بھر متاثر رہا ۔ ایس ایس پی رام بن موہتا شرما نے بتایا کہ شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنایا گیا اور جموں کی طرف جانے والے درماندہ ٹرکوں اور دیگر ٹریفک کو نکالنے کا عمل شروع کیا گیا ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ چندرکوٹ کے یاترا نواس میں قیام پذیر بال تل اور پہلگام کے راستے گپھا کی طرف جانے والے یاتریوں کو موسم اور سڑک کی بہتر صورتحال کے پیش نظر جمعہ کی صبح ہی آگے بڑھنے کی اجازت دی جائے گی ۔