عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میںجمعہ کی شام کو زیر تعمیر قومی شاہراہ پر کڑیا کے قریب پسی کی زدمیں آنے سے کمپنی کا ملازم جاں بحق ہوا جسکے بعد مقامی لوگوں نے قومی شاہراہ پر نعش رکھ کر احتجاج کیا اور کمپنی کے خلاف کاروائی کامطالبہ کیا۔ پولیس کی جانب سے فراہم تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کڑیا پل سے چندسو میٹر کی دوری پر شام پانچ بجے کے قریب پیش آیا جب بٹوت کشتواڑ سنتھن قومی شاہراہ تعمیر کررہی ای پی ایس کا ملازم کھدائی کاکام کررہاتھا جس دوران پسی گرآئی اور وہ اسکی زد میں آگیا جسکے کڑی مشقت کے بعد پولیس، مقامی لوگوں و فوج نے اسے باہر نکالا لیکن اسکی موت واقع ہوگئی۔متوفی کی شناخت مختیار احمد ولد مقبول احمد ساکنہ کھجگام مغل میدان کے طور ہوئی ۔مقامی لوگوں نے جمع ہوکر کمپنی کے خلاف زوردار احتجاج کیا اور کمپنی کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ کمپنی کے دیگر ملازمین اسے بچانے کے بجائے موقعے سے بھاگ گئے۔ انھوں نے انتظامیہ سے کمپنی کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس و مقامی انتظامیہ نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی جسکے بعد احتجاج پرامن طور ختم ہوا۔ نعش کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد اسے ورثا کو آخری رسومات کیلئے سونپا گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیاہے اور تحقیقات کا عمل شروع کردیاہے۔