سرینگر //ایس این سنہا کی سربراہی میں پریس کونسل آف انڈیا کی تین رُکنی سب کمیٹی جموں کشمیر میں ذرایع ابلاغ کو درپیش مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے وادی کے ایک ہفتہ کے دورے پر آج سرینگر پہنچ گئی ۔ سب کمیٹی کے دیگر ارکان میں سی کے نائیک ، ڈاکٹر سُمن گپتا اور نوین جوشی شامل ہیں ۔ سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ناظمِ اطلاعات منیر السلام اور محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے دیگر افسروں نے کمیٹی کے ارکان کا استقبال کیا ۔ وادی میں اُن کے قیام کے دوران پریس کونسل آف انڈیا کی سب کمیٹی ارکان ذرایع ابلاغ کے مالکان ، مدیروں اور صحافیوں کے ساتھ سرینگر ، اننت ناگ اور بارہمولہ میں ملاقات کر کے وادی میں میڈیا سیکٹر کو درپیش معاملات کے بارے میں جانکاری حاصل کریں گے ۔ سب کمیٹی کے ارکان کاگورنر این این ووہرا ، وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ، سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ، اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی ، وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو اور ڈائریکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ایس پی وید سے بھی ملاقات کرنے کا پروگرام ہے ۔ سب کمیٹی جموں اور لداخ میں ذرایع ابلاغ سے جُڑے افراد کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کیلئے اعلیحدہ سے دورہ کرے گی ۔