مشتاق الاسلام
پلوامہ//قصبہ پلوامہ کے لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پرچھو سے کووڈ ہسپتال تک جانے والی اندرونی رابطہ سڑک کو فوری طور پر کشادہ کیا جائے، کیونکہ حالیہ دنوں میں گاڑیوں کی آمدورفت میں بے تحاشا اضافہ سے عوامی مشکلات میں شدت آئی ہے۔لوگوں کے مطابق ضلع ہسپتال پلوامہ کے کئی اہم شعبوں کو کووڈ ہسپتال منتقل کرنے کے بعد اس سڑک پر ایمبولینسوں، ہسپتال عملے اور نجی گاڑیوں کی آمدورفت بڑھ گئی ہے۔ تنگ سڑک اس ٹریفک بوجھ کو سنبھالنے کے قابل نہیں، جس کے باعث آئے روز ٹریفک جام اور ایمرجنسی مریضوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لوگوں کے مطابق یہ سڑک نہ صرف واگم بلکہ پوچھل، لاجورہ، اوٹھورہ، تلنگام سمیت درجنوں دیہات کو مختصر مدت میں سفر طے کرنے میں فائدہ پہنچاتی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی کشادگی ٹریفک روانی میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں سے کووڈ ہسپتال منتقل کیے جانے والے مریضوں کی بروقت طبی رسائی کو بھی یقینی بنائے گی۔لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ سے ذاتی مداخلت اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر سڑک کشادگی کا منصوبہ تیار کرنے اور نافذ کرنے کی ہدایت دینے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوامی سہولت اور ضلع کی ضروری طبی خدمات دونوں کے لیے ناگزیر ہے۔