عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے جموں و کشمیر کے پہلے کرکٹر پرویز رسول نے کھیل کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے، جس سے مسلسل پرفارمنس اور متعدد سنگ میلوں سے بھر پور 17 سالہ طویل کیریئر کا خاتمہ ہو گیا ہے۔جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ آل رائونڈر، جو وادی کے نوجوان کرکٹرز کے لیے امید کی علامت بن گئے ہیں، نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ رسول نے پونے واریئرز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل)کا حصہ رہنے کے علاوہ ایک ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک T20 انٹرنیشنل میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔پرویز رسول نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ جموں و کشمیر کرکٹ کی ترقی کی کہانی کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔برسوں کے دوران، رسول نے خود کو ایک قابل بھروسہ آل رائونڈر کے طور پر منوایا ، جس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 5,648 رنز بنائے اور 352 وکٹیں لیں۔ ان کی مسلسل گھریلو کارکردگی نے انہیں 2013-14 اور 2017-18 میں دو بار رنجی ٹرافی میں بہترین آل رائونڈر کا باوقار لالہ امرناتھ ایوارڈ حاصل کیا۔2012-13 میں ان کے بریک آئوٹ سیزن، جہاں انہوں نے 594 رنز بنائے اور 33 وکٹیں حاصل کیں، قومی ٹیم اور آئی پی ایل میں ان کے داخلے کی راہ ہموار کی۔