نیوزڈیسک
جموں// پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف تاجروں کی ایک تنظیم کی طرف سے بلائی گئی ایک دن کی ہڑتال کا ہفتہ کو یہاں ملا جلا ردعمل سامنے آیا ۔اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ وہ اس معاملے پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا”جموں و کشمیر کے لوگ عقلمند اور ذہین ہیں، وہ صورت حال کو اچھی طرح سمجھتے ہیں،‘‘ ۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں کو پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف تاجروں کی ہڑتال کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں یہ بات کہی۔یہ پوچھے جانے پر کہ این سی صدر فاروق عبداللہ کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ پر کل جماعتی میٹنگ کا امکان ہے جس میں پراپرٹی ٹیکس ایجنڈے میں شامل مسائل میں سے ایک ہے، سنہا نے کہا کہ وہ سیاسی مسائل پر بات نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا’’میرا ماننا ہے، ہم نے ان کے لیے ایسے معاملات پر کوئی گنجائش نہیں چھوڑی ہے‘‘۔ انکا کہنا تھا کہ پراپرٹی ٹیکس کی پالیسی بناتے وقت جموں و کشمیر کے لوگوں کے مفادات کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ مقرر کردہ ٹیکس کی رقم شملہ، امبالہ اور دہرادون میں لوگوں کی طرف سے ادا کیے جانے والے ٹیکس کا دسواں حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں اور 40 فیصد شہری علاقوں کی آبادی پر کوئی جائیداد ٹیکس نہیں ہوگا، اور 40 فیصد لوگوں کو سالانہ تقریباً 1000 روپے ادا کرنے پڑیں گے ۔ سنہا نے کہا کہ 1.01 لاکھ دکانیں ہیں، جن میں سے 46 فیصد دکانیں 100 مربع فٹ سے کم ہیں اور انہیں تقریباً 700 روپے سالانہ اور 36,000 دکانداروں کو جائیداد ٹیکس کی مد میں صرف 2000 روپے سالانہ ادا کرنا پڑیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’ہم نے ٹول فری نمبر جاری کئے ہیں اور اگر عوام کو لگتا ہے کہ بہتری کی کوئی گنجائش ہے تو ان سے تجاویز مانگی ہیں، اگر کسی ریلیف کی ضرورت ہے تو ہم اسے عوام کو ضرور دیں گے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر بات چیت کیلئے ان کے دروازے کھلے ہیں۔کمپیوٹر پر مبنی تحریری امتحانات کے انعقاد کے لیے پہلے سے بلیک لسٹ کی گئی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے پر نوکری کے خواہشمندوں افرادکے احتجاج پر، انہوں نے کہا کہ “یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، اس لئے اس پر کوئی رائے زنی نہیں کی جاسکتی اور نہ آئین مجھے اس پر بولنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔”تاہم، سنہا نے کہا کہ اس مسئلے پر بات چیت کے لیے ان کے دروازے کھلے ہیں اور قواعد وضع کرتے وقت جموں و کشمیر کے لوگوں کے مفادات کو ترجیح دی گئی ہے۔
جموں بند
ہفتہ کو شہر کے کچھ بازار بند رہے، مجموعی طور پر جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (JCCI) اور یووا راجپوت سبھا کی طرف سے دی گئی بند کال پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔کئی دکانداروں نے، جنہوں نے اپنی دکانیں صبح کے وقت بند رکھی تھیں، بعد میں انہیں دن میں کھول دیا۔ ہائی کورٹ اور دیگر ماتحت عدالتوں میں کام کاج بھی متاثر ہوا کیونکہ جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جموں باب سے وابستہ وکلاء نے جے سی سی آئی کے زیر اہتمام ہڑتال میں حصہ لیا۔نیشنل کانفرنس، کانگریس، ڈیموکریٹک آزاد پارٹی، اور نیشنل پینتھرس پارٹی سمیت تقریباً تمام اپوزیشن جماعتوں نے بھی بند کی حمایت کی۔آل جے اینڈ کے ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن، تاہم، ہڑتال کا حصہ نہیں تھی۔پبلک ٹرانسپورٹ بدستور متاثر رہا اور صبح سے ہی سڑکوں پر کم گاڑیاںچلتی دیکھی گئی۔یووا راجپوت سبھا کے ممبران نے جموں بند کے دوران احتجاج کیا۔یووا راجپوت سبھا نے بھی شہر کے مضافات میں بوہری سے تالاب تلو تک پرامن مارچ نکالا اور پولیس کی جانب سے روکنے کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔
جموں میں اہم پروجیکٹوں کا معائینہ
توی ریور فرنٹ ، چڑیا گھر اور وینکٹیشور مندر کام کا جائیزہ
نیوز ڈیسک
جموں //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں میں کلیدی پروجیکٹوں کی سائٹ کا معائینہ کیا اور جمبو چڑیا گھر ، تروملا تروپتی دیو استھانمس اور توی ریور فرنٹ پروجیکٹ کے ذریعے سری وینکٹیشور سوامی مندر کے جاری تعمیراتی کام کا جائیزہ لیا اور پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا ۔ محکمہ جنگلات اور ماحولیات کے پرنسپل سیکرٹری مسٹر دھیرج گپتا نے انہیں جمبو چڑھا گھر کی پیش رفت سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرل زو اتھارٹی کی اعلیٰ سطحی ٹیم اس ماہ حتمی معائینہ کیلئے دورہ کرے گی اور تمام عمل کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا ۔ تروملا تروپتی دیو استھانمس کے ذریعہ سری وینکٹیشور سوامی مندر کے تعمیراتی مقام پر اپنے دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے مندر کے عہدیداروں سے بات چیت کی اور ان سے ایک ساتھ گروکل اور ہیلتھ سنٹر کی تعمیر شروع کرنے کو کہا ۔ بعد میں لفٹینٹ گورنر نے توی ریور فرنٹ پروجیکٹ سائٹ کا معائینہ کیا جس میں کٹاؤ اور سیلاب کو کم کرنے اور شہر کی پائیدار ترقی کیلئے سماجی و ثقافتی سہولیات فراہم کرنے کا تصور کیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مکمل ہونے کے بعد متحرک ریور فرنٹ شہری بنیادی ڈھانچے کی پائیداری کو یقینی بنائے گا ۔ یہ منصوبہ کاروبار کے منفرد مواقع فراہم کرے گا اور مجموعی سماجی ترقی میں مدد کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انفراسٹرکچر اور تفریحی سہولیات کے ساتھ توی ریور فرنٹ شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنائے گا ۔ جے ایم سی کے کمشنر راہل یادو نے پروجیکٹ کے جاری کاموں کے بارے میں تفصیلی پرذنٹیشن دی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ آج دورہ کئے گئے تمام پروجیکٹوں پر پیش رفت تسلی بخش ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں کے عوام کی خواہشات جلد پوری ہوں گی اور یہ پروجیکٹ جموں میں سیاحت کو فروغ دیں گے اور باہر سے سیاحوں کی آمد سے لوگوں کی معاشی سرگرمیوں اور آمدنی میں اضافہ ہو گا ۔