پریس انفارمیشن بیورو
سرینگر// وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ پرانے چیلنجوں کو چھوڑ کر نئے امکانات سے فائدہ اٹھانے کا وقت آ گیا ہے۔مودی جموں و کشمیر روزگار میلے سے ویڈیو پیغام کے ذریعے خطاب کر رہے تھے جہاں مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے کے لیے 3000 تقرری آرڈر یونین کے زیر انتظام علاقوں میں 20 مختلف مقامات پر نوجوانوں کو دیے گئے۔تقرری نامہ حاصل کرنے والے افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے کے مواقع ملیں گے اور آنے والے دنوں میں دیگر محکموں میں 700 سے زائد تقرری خطوط دینے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پرانے چیلنجز کو پیچھے چھوڑا جائے اور نئے امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ مجھے خوشی ہے کہ نوجوان اپنی ریاست اور عوام کی ترقی کے لیے بڑی تعداد میں آگے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا “ترقی کی تیز رفتاری کے لیے ہمیں ایک نئی سوچ کے ساتھ کام کرنا ہوگا،” ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2019 سے اب تک تقریباً تیس ہزار سرکاری اسامیوں پر بھرتیاں کی گئی ہیں، جن میں سے گزشتہ ڈیڑھ سال میں بیس ہزار نوکریاں دی گئی ہیں۔ .وزیر اعظم نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور ریاستی انتظامیہ کے کام کی تعریف کی۔ مودی نے مزید کہا کہ ’’قابلیت کے ذریعے روزگار‘‘ کا منتر ریاست کے نوجوانوں میں نیا اعتماد پیدا کر رہا ہے۔وزیر اعظم نے روزگار اور خود روزگار کو فروغ دینے کے لیے گزشتہ 8 سالوں میں مرکزی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے روزگار کو فروغ دینے کے لیے ریاست میں کاروباری ماحول کا دائرہ وسیع کیا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ نئی صنعتی پالیسی اور کاروباری اصلاحات کے ایکشن پلان نے کاروبار کرنے میں آسانی کی راہ ہموار کی ہے جس سے یہاں سرمایہ کاری کو زبردست تحریک ملی ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ “جس رفتار سے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے وہ یہاں کی پوری معیشت کو بدل دے گا”۔
انہوں نے ایسے پروجیکٹوں کی مثالیں دیں جو کشمیر سے ٹرینوں سے لے کر بین الاقوامی پروازوں تک رابطے کو بڑھاتے ہیں۔ وزیر اعظم نے نشاندہی کی کہ سری نگر سے شارجہ کے لیے بین الاقوامی پروازیں شروع ہو چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کے کسانوں کو بھی رابطہ بڑھانے سے کافی فائدہ ہوا ہے کیونکہ اب جموں و کشمیر کے سیب کے کسانوں کے لیے اپنی پیداوار ریاست سے باہر بھیجنا آسان ہو گیا ہے۔وزیر اعظم نے یہ بھی نشاندہی کی کہ حکومت ڈرون کے ذریعے نقل و حمل کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔جموں و کشمیر میں سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے نوٹ کیا کہ ریاست میں سیاحت کے شعبے کو بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور رابطے میں اضافہ کی وجہ سے فروغ ملا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ حکومتی اسکیموں کے فائدے معاشرے کے ہر طبقے تک بلا تفریق پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام طبقات اور شہریوں کو ترقی کے یکساں فوائد پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ جموں و کشمیر میں 2 نئے ایمس، 7 نئے میڈیکل کالج، 2 ریاستی کینسر انسٹی ٹیوٹ اور 15 نرسنگ کالج کھولنے کے ساتھ صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔