بٹوت//ایسے وقت میں جب ریاستی وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت میں سرینگر میں منعقد پتنی ٹاپ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے 19ویں اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے صوبہ جموں کے مشہور سیاحتی مقامات پتنی ٹاپ کد سناسر بٹوت مان تلائی میں سیاحتی شعبے کو تررقی دینے کی اہمیت افادیت کو محسوس کر تے ہوئے درکار نوعیت کے اقدامات لینے کا فیصلہ لیا ہے ۔ لہذا جہاں ایک طرف اجلاس میں وزیر اعلیٰ کی طرف سے لئے گئے فیصلوں کا مقامی سطح پر آباد لوگوں نے خیر مقدم کیا ہے ۔ مگر وہیں دو سری طرف قدرتی حسن سے مالا مال اس علاقے کو سیاحتی شعبے میں ترقی دینے کی خا طر تقریباً 25سال قبل ریاستی حکومت کی جانب سے قائم پتنی ٹاپ ڈویولپمنٹ اتھارٹی کی کار کر دگی پر لوگوں نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پتنی ٹاپ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی کی پچیس سالہ کار کر دگی کو ناقص قرار دیتے ہوئے اس کے وجود کو بے معنی اور علاقے میں سیاحتی شعبے کو ترقی دینے کے نام پر ایک فضول کی مشق قرار دیا ہے ۔ 19ویں اجلاس کی کاروائی منظر عام آنے اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ سے بات کر تے ہوئے کُد پتنی ٹاپ بٹوت مان تلائی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے پتنی ٹاپ و گرد نواح کے علاقہ جات کو سیاحتی شعبے میں ترقی دے کر اس سے مقامی بے رو زگاروں کے لئے رو زگار پیدا کر نے کے مقصد کی خاطر حکومت کی جانب سے برسوں قبل قائم پتنی ٹاپ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اپنے قیام کے اغراض و مقاصد کی تکمیل میں لگ بھگ ہر سطح پر ناکام رہی ہے ۔ لوگوں کے بقول علاقے میں سیاحتی شعبے کو بڑھاوا دینے کی خاطر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جن ترقیاتی منصوبوں کی شروعات کی گئی تھی وہ لمبا عرصہ گزرجانے کے باوجود کروڑوں روپے صرف کر کے بھی اُدھورے پڑے ہوئے ہیں ۔ جس کا بڑا ثبوت کد مال روڈ اور قصبہ بٹوت کا سٹی فارسٹ پارک نیشنل پنتھرس پارٹی کے ریاستی رکن اعجاز بٹ کے بقول پتنی ٹاپ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی کے اہلکاروں نے اپنی ساری توجہ تعمیر و ترقی کے کاموں کے بجا ئے اپنے ناجائز ذاتی مفادات کی اصلوبی پر ہی ہمیشہ مر کوز رکھی ۔ ریاست بیرون ریاست یہاں پھر غیر ملکی سیاحوں کو پتنی ٹاپ وگرد نواح کے قدرتی حسن کی جانب راغب کر نے کے بجا ئے پتنی ٹاپ کے سرکاری گیسٹ ہائوس میں اپنی راتیں و دن گذرنے کی غرض سے تشریف لانے والے بڑے سرکاری عہدے داروں وزرا ء اور اپنے قریبی رشتے داروں کے ناز نخرے اُٹھا نے میں ہی اپنا وقت صرف کیا ۔ انہوں نے کہاکہ علاقے کے قدرتی حُسن کے سبزا زار میدانوں کی خستہ حالی اور دیو دار چیڑ کے درختوں کی بیج کنی میں محکمہ جنگلات کو پتنی ٹاپ اتھارٹی نے اپنا بھر پور تعاون دیا۔ آج حالات یہ ہیں کہ محکمہ پتنی ٹاپ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اہلکاروں کی اپنے پیشہ کے تئیں لاپروائی و غفلت شعاری کے نتیجہ صوبہ کا مشہور سیاحتی مقام پتنی ٹاپ و گرد نواح کا علاقہ سیاحتی شعبے میں تباہی زوال کی جانب تیزی سے گامزن ہے ۔ مزید ناشری چنینی ٹنل کی تعمیر سے پریشان حال علاقے کے لوگوں نے ریاستی وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ پتنی ٹاپ و گرد نواح کے علاقے کو سیاحتی شعبے میں ترقی دینے کی اپنی کوششوں و منشا کو عملی جامہ پہنانے کی خاطر بذات خود اس علاقے میں تشریف لائیں اور پھر اپنی آ نکھوں سے خود اس قدرتی حسن کی دولت سے مالامال علاقے اور یہاں آباد لوگوں کی بد حالی کا مشاہدہ کریں اور موقع پر ہی احکامات اور اُن پر عملی آوری کو بھی یقینی بنائیں لوگوں نے مطالبے میں مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ موقع پر تشریف لاکر خود ہی دیکھ لیں کہ علاقے کو سیاحتی شعبے میں ترقی دینے کی خاطر قائم پتنی ٹاپ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی کی کار کر دگی کیا ہے ۔