لکھنؤ// وزیر داخلہ راج ناتھ نے وارننگ دی ہے کہ بھارتی فوج پاکستان میں گھس کر کارروائی کرسکتی ہے۔بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ نے لکھنؤ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نہ صرف اپنی سرزمین پر دشمنوں کیخلاف کارروائی کریگا بلکہ دوسرے ملک میں بھی گھس کر دشمن کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندستان پاکستان کے ساتھ بہتر رشتے چاہتاہے لیکن پاکستان اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو وہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ دنیا میں ہندستان کا سرجھکے گا نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندستان کی شبیہ ایک مضبوط ملک کی بن چکی ہے۔ہندستان نے پوری دنیا کو پیغام دیدیا ہے کہ وہ سرحد کے اِس پار ہی نہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر اُس پار بھی گھس کر دشمن کو جواب دے سکتاہے۔ سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پڑوسیوں کے ساتھ بہترتعلقات قائم کرنے کے حق میں ہیں لیکن پاکستان سدھرنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ہمارے بہادر جوانوں نے سرحد پار جاکر انتقام لیا۔آگے بھی ضرورت پڑی تو ایسا ہی کیا جائیگا۔انکا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل پاکستان نے بھارت کے 17 فوجیوں کو ہلاک کیا تھا، وزیراعظم نریندر مودی نے اس سنگین مسئلے پر تمام اعلیٰ حکام سے مشاورت کی جس کے بعد بھارتی فوج نے پاکستان میں داخل ہوکر وہاں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کی۔انکا کہنا تھا کہ بھارت تو پاکستان سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے لیکن پاکستان ہمارے ساتھ خوشگوار مراسم قائم کرنا نہیں چاہتا۔