لاہور// پاکستان کی عدالتِ عظمٰی نے ذہنی امراض میں مبتلا دو قیدیوں کی سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے ان مجرمان کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا ہے۔عدالت نے دونوں مجرموں کو پنجاب کے ذہنی امراض کے اسپتال منتقل کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے سزائے موت کے ایسے قیدیوں کو، جو ذہنی امراض سے دوچار ہیں، پھانسی دینے کے خلاف اپیلوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔عدالتی فیصلے کے مطابق مجرمان امداد علی اور کنیزاں بی بی کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کیا گیا ہے۔ ۔واضح رہے امداد علی، کنیزاں بی بی اور غلام عباس کو قتل کے مقدمات میں موت کی سزائیں سنائی گئیں تھیں۔