لاہور/ پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا کا کہناہے کہ پاک بھارت کرکٹ کے حوالے سے دونوں ملکوں کے بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے اور امید ہے کرکٹ کے لیے حالات جلد سازگار ہوجائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہائی کمشنر اجے بسیار نے پاک بھارت کرکٹ سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ کرکٹ میچز اور دوروں کا فیصلہ پاکستان اور بھارت کے بورڈز نے کرنا ہے اور اس حوالے سے دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں کرکٹ یکساں مقبول ہے، امید ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کے فروغ کا وقت آئے گا، اور کرکٹ کے لئے بھی حالات سازگار ہو جائیں گے۔صحافی کے سوال پر کہ حالات سازگار نہیں ہوں گے تو دونوں ممالک آگے کیسے بڑھیں گے، اجے بساریا نے کہا کہ آپ کا مطلب ہے پہلے کرکٹ کھیلا جائے، مشورہ اچھا ہے، میں نے نوٹ کرلیا۔اجے بساریا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت ہمسائے ہیں جو ہمیشہ رہیں گے، ہمیں مل جل کر بات چیت سے ہی آگے بڑھنا ہوگا، میری کوشش ہے کہ برف پگھلے اور مسائل کم ہوں۔