ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں جہاں آئے روز سرپنچوں پر غریب عوام کے ساتھ ناانصافی کرنے کے معاملات سامنے آتے ہیں وہیں اتوار کے روز اسی نوعیت کا ایک نیا واقعہ ڈوڈہ کی تحصیل بھلیسہ کی پنچائت بٹارا میں پیش آیا ہے جہاں پر مہاشہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے الزام لگایا کہ وہ پانی کی مانگ کو لے کر سرپنچ سے کئی دنوں سے فریاد کررہے تھے تاہم ان کے رشتہ داروں نے ان پر دھاوا بول دیا اور شدید مار پیٹ کی۔ ہوشیار سنگھ ولد مرحوم ناتھ رام نے اپنی والدہ آشو دیوی کی موجودگی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے ساتھ عمر رسیدہ والدہ بھی رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کنکشن کے لئے متعدد بار محکمہ جل شکتی و سرپنچ پنچائت کے پاس فریاد لے کر گئے لیکن وہ ہر بار ٹال مٹول کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں محنت و مزدوری کرکے چھ ہزار روپے کی پائپ خرید کر لائی اور جب پانی کنکشن کے لئے اپنی ماں کے ہمراہ سرپنچ کے پاس گئے تو اس کے رشتہ داروں نے پانی دینے کے بجائے مار پیٹ کی۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے بھی ہماری طرف کوئی توجہ نہیں دی۔اس دوران انہوں نے سرپنچ کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔ادھر ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک و بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس نے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے غریب کنبہ کے ساتھ انصاف کرنے کی مانگ کی ہے۔اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر متاثرین کو انصاف فراہم نہیں کیا تو وہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے خلاف پرامن احتجاج کریں گے۔سوشل میڈیا پر بھی یہ ویڈیو تیزی سے شیئر ہورہی ہے اور اس واقعہ کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں جب ایس ایچ او گندوہ وکرم سنگھ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ مذکورہ نوجوان نے سڑک کو بند کیا تھا جس پر دو فریقین کے درمیان بحث مباحثہ ہوا۔واضح رہے کہ سابق ایم ایل اے دلیپ سنگھ پریہار کا تعلق بھی اسی گاؤں سے ہے اور سرپنچ بھی اس کی قریبی رشتہ دار ہے۔