اونتی پورہ//پولیس نے پانپور کے مختلف علاقوں میں حالیہ گرینیڈ حملوں میں ملوث جیش محمد تنظیم سے وابستہ 5 بالائے کارکنوں کو اسلحہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن میں ایک پاکستانی تربیت یافتہ سابق جنگجو بھی شامل ہے۔ایس ایس پی اونتی پورہ محمدزاہد نے اونتی پورہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو بتایاکہ پولیس، فوج کی 50 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف110بٹالین نے مصدقہ اطلاع کی بناء پر سجاد احمد بٹ ولد علی محمد ساکن ہیرگام ووئن پانپور کو گرفتار کرلیاہے جو پولیس کے مطابق پاکستانی تربیت یافتہ سابق جنگجو ہے جو اب جیش محمد کیلئے بطوربالائی ورکر کر کام کرتا تھا۔پولیس نے بتایا سجاد احمد نے دوران تفتیش اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ اور اس کے کئی دیگر ساتھی ان گرینیڈ حملوں میں ملوث ہیں جو حالیہ دنوں پانپور اور دیگر مقامات پر ہوئے ہیں جہاں پولیس نے تحقیقات کے دوران 4مزیدافراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور ان کی تحویل سے گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔گرفتار شدہ نوجوانوںکی شناخت 26سالہ عمر غنی شیخ ولد عبدالغنی ساکن درنگہ بل پانپور ، 30سالہ جان محمد کھانڈے ولد عبدالرشید ساکن میج پانپور، 23سالہ اویس احمد بٹ ولد عبدالرشید ساکن دنک محلہ کھریو اور30سالہ مظفر حسین بٹ ولد غلام محمد ساکن پتل باغ پانپور کے بطور ظاہر کی گئی۔گرفتار شدگان کے خلاف پولیس اسٹیشن پانپور میں دو الگ الگ ایف آئی آر زیر نمبرات02/2018 اور08/2018درج کرکے مزید چھان بین شروع کی گئی ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ترال کوپہلے جیش محمد کا ایک مضبوط گڑھ سمجھا جاتا تھا لیکن انٹیلی جنس کے بناپر کئے گئے جنگجوں مخالف کارروائیوں کے نتیجے میںصورتحال یکسر تبدیل ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ تنظیم کے کئی اعلیٰ کمانڈر مارے گئے اورکئی خفیہ ٹھکانے تباہ کئے گئے جس کے نتیجے میں جنگجوئوں نے اپنی سرگرمیاں کھریو، پانپور اور کاکہ پورہ علاقوں میںمنتقل کیں۔ایس پی اونتی پورہ کا مزید کہنا تھا’’تمام اوور گرائونڈ ورکروں نے پوچھ تاچھ کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ جیش محمد کے پاکستانی کمانڈر برائے جنوبی کشمیر مفتی وقاص کی ہدایت پر گرینیڈ حملے کرتے تھے جس نے حال ہی میں مارے گئے نور محمد تانترے (نورترالی) کی جگہ لی ہے‘‘۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اوور گرائونڈ ورکروں کایہ نیٹ ورک نور ترالی نے ہی تشکیل دیا تھا جو25دسمبر2017کو سامبورہ علاقے میں فورسز کے ساتھ جھڑپ کے دوران مارا گیا تھا۔