سرینگر//پانپور سے منی گام گاندربل تک مجوزہ متبادل شاہراہ کی تعمیر کیلئے نیم دائرہ سڑک کی زد میںآنے والی اراضی مالکان نے سرینگر میں احتجاج کرتے ہوئے یکساں معاوضے کا مطالبہ کیا۔پانپور سے منی گام گاندربل تک مجوزہ نیم دائرہ 60کلو میٹر متبادل شاہراہ کے اراضی کا حصول سرکار کیلئے ایک مسئلہ بن چکا ہے،کیونکہ زمینداروں نے مرکزی قانون کے تحت انہیں معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ رنگ روڈ کی زد میں آنے والے پانپور سے آ ئے زمینداروںنے یکساں معاوضے کے مطالبہ کو لیکر سر ینگر کی پریس کا لونی میں احتجاج کیا ہے۔ مظا ہر ین نے بتایا کہ کھدر موہ پانپور میںرنگ روڈ کی ز د میں آ نے والی اراضی کے مالکان کو 15 لاکھ روپے فی کنال کے حساب سے معاوضہ مقرر کیا گیا جبکہ علاقہ سے محض نصف کلو میٹر دور رکھ شالن میں فی کنال زمین کو 30 سے24 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جا تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محض ایک کلو میٹر کی دور ی پر دو الگ الگ ریٹ مقرر کئے جانے سے زمینداروں میں کئی خدشات لاحق ہو گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ وہ اس ضمن میں وہ متعلقہ ممبر اسمبلی سے بھی ملاقی ہوئے جبکہ وزیر مال نے یقین دہانی کرائی کہ معاملے کو نپٹایا جائے گا،تاہم حکومت نے اس حوالے سے سرمہری کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے یہ متبادل شاہرہ پانپور سے منی گام تک،واتھورہ چاڑورہ،سویہ بگ،نارہ بل،سمبل اور لار سے ہوکر منی گام تک پہنچے گااور اس کیلئے پلوامہ،بڈگام اور بارہمولہ و بانڈی پورہ کے کچھ علاقوں سمیت گاندربل میں کافی زرعی اراضی کی حصولیابی کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں گالندر سے نارہ بل اور دوسرے مرحلے میں نارہ بل سے منی گام تک پروجیکٹ کا مکمل کیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ کو نیشنل ہاوئے اتھارٹی آف انڈیا مکمل کریں گی جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں نیشنل ہائے وئے اتھارٹی آف انڈیا کو پہلے ہی متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کے خاتوں میں رقومات جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ اراضی کی حصولیابی کا سلسلہ شروع کیا جائے۔