عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے کل پامپور میں آٹو میٹڈ ٹیسٹنگ اسٹیشن کا سنگِ بنیاد رکھا ، جو جموں و کشمیر میں روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ تقریب میں وزیر ٹرانسپورٹ ستیش شرما ، ایم ایل اے پامپور جسٹس ( ریٹائیرڈ ) حسنین مسعودی ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، ڈپٹی کمشنر پلوامہ ، منیجنگ ڈائریکٹر جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور دیگر سینئر افسران و متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ آٹو میٹڈ ٹیسٹنگ اسٹیشن کا قیام گاڑیوں کی فٹنس کا سائنسی اور قابلِ اعتماد جائیزہ لینے ، دستی مداخلت کو کم کرنے اور پورے خطے میں محفوظ نقل و حرکت کو فروغ دینے کے مقصد سے عمل میں لایا جا رہا ہے ۔