سرینگر//جموں کشمیر ہائی کورٹ نے پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کو ان کا پاسپورٹ ریجنل پاسپورٹ افسر کی طرف سے رد کئے جانے کے خلاف مناسب حکام سے رجوع کرنے کی چھوٹ دی ہے ۔جسٹس تاشی ربستن اورجسٹس جاویداقبال وانی پر مشتمل بنچ نے یک نفری بنچ کے فیصلے کے خلاف ان کی اپیل پرفیصلہ کرنے کے دوران انہیں یہ چھوٹ دیدی۔یک نفری بنچ نے ان کا پاسپورٹ رد کئے جانے پر دائر کی گئی ان کی عرضی کو خارج کرتے ہوئے کہاتھا کہ پولیس کی طرف سے انہیں پاسپورٹ اجراء نہ کرنے کی سفارش پرہی انہیں پاسپورٹ نہیں دیاگیا تھا۔عدالت نے کہا کہ وہ حکام کو ہدایت دے سکتی ہیں کہ وہ کسی شخص کے معاملہ کو تیزی کے ساتھ قانون کی رو سے نپٹائے ۔عدالت نے کہا کہ حکام نے پہلے ہی قانون کے مطابق پہلے پولیس اور سی آئی ڈی سے رپورٹ طلب کی تھی اور ان کی سفارش کے بعد ہی اس کے مطابق حکم دیا تھا۔سی آئی ڈی رپورٹ کے پیش نظر محبوبہ کو پاسپورٹ دینے سے انکار کیا گیاتاہم وہ تیس دنوں کے اندر جوائنٹ سیکریٹری پاسپورٹ /چیف پاسپورٹ افسر وزارت خارجہ حکومت ہند سے رجوع کرکے معاملے کا مداواکرسکتی ہیں۔