فیاض بخاری
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے ڈولی پورہ کریری علاقے میں محکمہ تعمیرات عامہ کے ترقیاتی کاموں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور غفلت کے خلاف مقامی باشندوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنراور سپرنٹنڈنگ انجینئر آر اینڈ بی سرکل بارہمولہ کو باضابطہ تحریری شکایات پیش کی ہیں، جن میں معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مقامی باشندوںنے الزام عائد کیا ہے کہ ڈولی پورہ اور اس کے نواحی علاقوں میں کئی ترقیاتی منصوبوں کے دوران تکنیکی نگرانی میں مبینہ کوتاہیاں برتی گئیں، جس کے باعث نہ صرف عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ سرکاری وسائل کے ضیاع کے خدشات بھی پیدا ہو گئے ہیں۔شکایت کے مطابق مالی سال26- 2025کے دوران ڈولی پورہ–کریری سڑک پر بابْل کینال (نوان) کے مقام پر تقریباً 35 سے 42 لاکھ روپے کی لاگت سے ایک کلورٹ تعمیر کیا گیا، تاہم مقامی باشندوں کا الزام ہے کہ مذکورہ کلورٹ کو سڑک کے قدرتی رخ اور تکنیکی معیار کے برعکس تعمیر کیا گیا، جس کے باعث اس کی افادیت، مضبوطی اور معیار پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔مزید کہا گیا ہے کہ ڈولی پورہ کے عوامی پارک میں تین کنکریٹ سیڑھیوں اور معمولی مرمتی کاموں کے لیے تقریباً 5 لاکھ روپے کے فنڈز منظور کیے گئے تھے، تاہم تقریباً 10 ماہ تک نہ تو ضروری تخمینہ تیار کیا اور نہ ہی کام شروع کیاگیا۔ نتیجتاً یہ فنڈز استعمال کیے بغیر واپس محکمہ کو چلے گئے، جس سے مقامی عوام اس سہولت سے محروم رہ گئے۔مقامی افراد نے یہ بھی الزام لگایا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران سڑک کے بائیں جانب ڈالا گیا مٹی اور ملبہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود صاف نہیں کیا گیا، جس سے آمدورفت متاثر ہو رہی ہے اور حادثات کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔تحریری نمائندگی میں اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈولی پورہ میں انجام دئے گئے تمام ترقیاتی کاموں کا تکنیکی معائنہ کرایا جائے۔