یواین آئی
نئی دہلی// اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کے ہنگامے کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کر دی گئی۔جیسے ہی دو التوا کے بعد دوپہر 2 بجے کارروائی شروع ہوئی، اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان نے بہار میں ووٹر لسٹ کے خصوصی جامع نظر ثانی (ایس آئی آر) کے عمل کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ شروع کردیا۔ کچھ ارکان ایوان کے وسط میں آ گئے اور شور شرابہ کرنے لگے۔ کئی ارکان نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ایس آئی آر کے خلاف نعرے درج تھے۔پریزائیڈنگ آفیسر جگدمبیکا پال نے ارکان سے کہا کہ وہ ہنگامہ نہ کریں، کیونکہ منی پور سے متعلق بل پاس ہونے ہیں، وہ اپنی اپنی نشست پر جائیں اور کارروائی کو ہموار طریقے سے چلنے دیں۔ہنگامے کے درمیان منی پور سے متعلق دو بل منظور کئے گئے۔بلوں کی منظوری کے بعد، پال نے دوبارہ اراکین سے اپیل کی کہ وہ ہنگامہ بند کریں اور کارروائی کو خوش اسلوبی کے ساتھ چلنے دیں لیکن ان کی اپیل کا کوئی اثر نہیں ہوا اور اپوزیشن جماعتوں کے اراکین شور و غل مچاتے رہے۔جب ہنگامہ نہیں رکا تو پال نے ایوان کی کارروائی جمعہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی۔اس دوران راجیہ سبھا نے جمعرات کو اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان کوسٹل شپنگ بل 2025 منظور کر لیا، اس طرح اسے پارلیمنٹ کی منظوری مل گئی۔لوک سبھا نے اس بل کو 3 اپریل کو منظور کیا تھا۔بل کی منظوری کے ساتھ ہی اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کردی گئی۔اس بل میں ہندوستانی ساحلی پانیوں میں تجارت میں مصروف بحری جہازوں کو ریگولیٹ کرنے کا التزام ہے اور اس سے سمندر کے ذریعہ ساحلی تجارت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔بل کو ایوان کی منظوری کے بعد پریزائیڈنگ ڈپٹی چیئرمین نے اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی کے پیش نظر کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی۔ قبل ازیں اپوزیشن کے ہنگامے کے باعث ایوان کی کارروائی صبح وقفہ صفر میں بھی دو بجے تک ملتوی کر دی گئی تھی۔