بلال فرقانی
سرینگر// پارسل ٹرین سے اب تک4800ٹن میوہ آدرش نگر دہلی روانہ ہوگیا ہے۔ ادھرخراب موسمی صورتحال کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر رہنے کے پیش نظر ریلوے حکام نے مسافروں کی سہولیت کے لئے جمعہ سے بڈگام سے کٹرا تک ایک خصوصی ریل چلانے کا آغاز ہوا۔ قومی شاہراہ کے بند رہنے کے پیش نظر سیب کو ملک کے باقی حصوں میں پہنچانے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 15 ستمبر کو بڈگام سے آدرش نگر دہلی تک پہلی وقف پارسل ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔8 ڈبوں پر مشتمل یہ پارسل ٹرین روزانہ کی بنیادوں پر چل رہی ہے اور ایک ڈبے میں لوڈ کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 23 ٹن ہے۔ ریلوے حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اننت ناگ سے اب تک 7بار ٹرین میوہ لیکر روانہ ہوگئی ہے اور بڈگام سے 6بار مسلسل ٹرین دلی کیلئے میوہ لیجارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 5روز کے دوران 4800سے زائدٹن میوہ دلی پہنچ گیا ہے۔ حکام نے کہا کہ 15ستمبر سے ٹرین روزانہ کی بنیاد پر بڈگام سٹیشن سے میوہ دلی کیلئے روانہ ہورہی ہے جبکہ اس سے قبل آزمائشی بنیادوں پر بڈگام سے 11ستمبر کو بھی ٹرین روانہ ہوئی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ اننت ناگ سے 17اور 18ستمبر کو ایک دن میں دو دو بار ٹرین مال لیکر دلی روانہ ہوئی ہے۔ اس سے قبل اننت ناگ سے 13ستمبر کو ایک آزمائشی مال گاڑی دلی روانہ کی گئئی تھی۔ادھر قاضی گنڈ سے جموں کی طرف مال گاڑیوں کو چھوڑنے کے دوران بدھ اورجمعرات کو 2 روز کے دوران 5000میوہ ٹرک چھوڑے گئے ہیں۔ٹریفک حکام نے جمعرات کی شام بتایا تھا کہ قاضی گنڈ میں کوئی بھی موہ ٹرک درماندہ نہیں ہے اور ٹرکوں کو ترجیح بنیادوں کو جموں کی طرف چھوڑا گیا ہے۔ادھر ریلوے حکام نے بتایا کہ 15 دنوں پر محیط خصوصی ٹرین سروس 19 ستمبر سے 3 اکتوبر تک روزانہ بنیادوں پر چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہنے کے دوران ہموار آپریشنز کو یقینی بنانے اور سفری مانگ کو پورا کرنے کے لئے یہ انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ قبل ازیں رہائشیوں اور انتظامیہ کی درخواستوں کے مطابق، ریلوے نے 15 دنوں کے لیے ویشنو دیوی کٹرا اور بانہال کے درمیان ایک خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا۔