عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// خوراک، شہری رسدات و اَمورِ صارفین، انفارمیشن ٹیکنالوجی،امورِ نوجوان و کھیل کود اور سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر ستیش شرما نے ٹیکنالوجی اور صنعت کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ نئی تکنیکی اختراعات لوگوں کی حقیقی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تیار کی جائیں۔وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار سائنس و ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ کی ایک جائزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ تکنیکی ترقی کو صرف تجربہ گاہوں تک محدود نہیں ہونا چاہئے بلکہ انہیں عملی، عوام دوست حل میں ڈالنا چاہیے جس سے معاشرے کو براہ راست فائدہ پہنچے۔انہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ تحقیقاتی تعاون کو فروغ دیا جائے، سٹارٹ اپس کو پرموٹ کیا جائے اور ایسے انکیوبیشن سینٹرز قائم کئے جائیں جہاں اختراعی خیالات کو قابل عمل کاروباری اِداروں میں پروان چڑھایا جاسکے۔ انہوں نے مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے اور اس بات کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا کہ جموں و کشمیر ایک اختراع اور کاروباری مرکز بن کر اُبھرے۔ستیش شرما نے کہا’’ٹیکنالوجی صرف اختراع کیلئے نہیں بلکہ عوام کی بھلائی کے لئے ہونی چاہیے اوراس ویژن کو حاصل کرنے کے لئے صنعتوں اور اِداروں کو مل کر کام کرنا چاہئے‘‘۔دورانِ میٹنگ محکمہ کے سینئر اَفسران نے جاری اقدامات اور پیش رفت رِپورٹ پیش کئے۔وزیر موصوف نے جموں و کشمیر میں سائنس پر مبنی ترقی کو فروغ دینے کے لئے بنیادی ڈھانچے اور پالیسیوں کو مضبوط بنانے میں حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دِلایا۔بعدمیںانہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی (ایس اینڈ ٹی) ڈیپارٹمنٹ کے نئے تعینات ہونے والے ریسرچ اسسٹنٹوں میں تقرری نامے تقسیم کئے۔