عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سکریٹری اتل ڈلو نے انتظامی سکریٹریوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی)اصلاحات کے نفاذ کا جائزہ لیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ٹیکس کی کم شرحوں کے فوائد براہ راست صارفین تک پہنچیں۔ چیف سیکرٹری نے غیر منصفانہ قیمتوں کے تعین کو روکنے کیلئے سخت نفاذ کی ضرورت پر زور دیا اور لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ (ایل ایم ڈی)کو خصوصی مارکیٹ چیکنگ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ یہ ٹیمیں ریٹیل اور ہول سیل مارکیٹوں کی نگرانی کریں گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے حال ہی میں اعلان کردہ جی ایس ٹی کی شرح میں کمی کے تناسب سے اشیا کی قیمتیں کم ہوں۔کمشنر سکریٹری( ایف سی ایس اینڈ سی اے) سوربھ بھگت نے میٹنگ کو مطلع کیا کہ کئی کمپنیوں نے پہلے ہی نئے ٹیکس نظام کے مطابق اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں ترمیم شروع کر دی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ 169کمپنیوں نے اپنے نرخوں پر نظر ثانی کی ہے اور لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع جمع کرائی ہے۔چیف سکریٹری نے مزید زور دیا کہ 22ستمبر 2025سے لاگو ہونے والی اصلاحات سے آنے والے دنوں میں عام صارفین کو واضح ریلیف ملے گا۔ لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ تعمیل کی توثیق کرنے اور کسی بھی خلاف ورزی کے خلاف سخت کارروائی کرنے کیلئے معائنہ کو تیز کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد صارفین کی فلاح و بہبود ہے۔ یہ ضروری ہے کہ جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی مارکیٹ کی کم قیمتوں میں ترجمہ کرے تاکہ لوگ حقیقی فائدہ محسوس کریں۔اجلاس میں صارفین کے مفادات کے تحفظ اور مارکیٹ سسٹم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا گیا۔