عظمیٰ نیوز سروس
جموں// کمشنر اسٹیٹ ٹیکس محکمہ پی کے بھٹ نے بدھ کو جموں ڈویژن کے تمام اسٹیٹ ٹیکس افسران (ایس ٹی اوز) کے ساتھ محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ایڈیشنل کمشنر اسٹیٹ ٹیکس ایڈمنسٹریشن اینڈ انفورسمنٹ جموں، نمرتا ڈوگرابھی میٹنگ میں شامل تھے۔میٹنگ کے دوران ریونیو میں اضافہ، ای وے بلز کی درست جانچ اور ٹریکنگ، ریڈ فلیگ کی تشخیص کیلئے ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال، ٹیکس چوری اور ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کی عدم مطابقت کے معاملات پر توجہ دی گئی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر سٹیٹ ٹیکسز نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ریونیو میں اضافے کے کیسز کا پتہ لگانے کے لیے ٹیکنالوجی ڈرائیو سسٹم کا باقاعدگی سے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم میں بہت گنجائش ہے ، جنہیں ریونیو بڑھانے کے لیے مزید استعمال کیا جا سکتا ہے۔جموں و کشمیر میں حکومت کی طرف سے کئی زیر تعمیر قومی پروجیکٹوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کی توسیع پر روشنی ڈالتے ہوئے کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کام کے معاہدوں اور تعمیراتی شعبے پر خصوصی توجہ دیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ جموں و کشمیر کو محصولات کا حصہ ملے۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ اسٹیک ہولڈروں کے مسائل اور خدشات کو بہتر طور پر سمجھنے کیلئے ’اپنے ڈیلر کو جانیں‘ مہم کے تحت اپنے اپنے حلقوں میں اپنے فیلڈ وزٹ کو تیز کریں۔