یواین آئی
واشنگٹن//امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے صحافی اور ریڈیو پریزینٹر ٹیمی بروس کو محکمہ خارجہ کا ترجمان مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘پر لکھا ہے کہ یہ اعلان کرنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ٹیمی بروس وزیر خارجہ کے لیے ہمارے شاندار نامزد امیدوار مارکو روبیو کے ترجمان کے طور پر شامل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیمی ایک انتہائی قابل احترام سیاسی تجزیہ کار ہیں۔ وہ شروع سے ہی میک امیریکا گریٹ اگین پروگرام کی طاقت اور اہمیت کو سمجھتی تھیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا سے پولیٹیکل سائنس میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔ 1990 کی دہائی میں ایک لبرل کارکن بننے کے بعد انہوں نے بنیاد پرست بائیں بازو کے جھوٹ اور فراڈ کو قریب سے دیکھا۔ پھر وہ تیزی سے ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر سب سے طاقتور قدامت پسند آوازوں میں سے ایک بن گئیں۔ٹرمپ نے مزید بتایا کہ ہمارے سب سے طویل عرصے تک خبریں دینے والوں میں سے ایک کے طور پر ٹیمی دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے امریکی عوام کے سامنے سچائی لاتی رہی ہیں۔ بروس ٹیمی نے 2005 میں امریکی نیٹ ورک میں شمولیت اختیار کی اور کئی کتابیں تصنیف کیں۔ فاکس نیوز کے ترجمان نے دی ہل کو بتایا ہے ٹیمی بروس تقریبا 20 سالوں سے فاکس نیوز میڈیا کے لیے ایک قابل قدر شراکت دار ہیں۔ ہم ان کے نئے کردار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ٹیمی بروس اپنے ساتھی فاکس نیوز کے پریزینٹر پیٹ ہیگستھ کے ساتھ شامل ہوگئی ہیں۔ ہیگستھ کو ٹرمپ نے گزشتہ نومبر میں اپنی انتظامیہ میں سیکرٹری دفاع کے لیے چنا تھا۔ ہیگستھ نے گوانتانامو، عراق اور افغانستان کے درمیان 2003 سے 2012 تک امریکی فوج میں خدمات انجام دی ہیں۔