سرینگر//ٹی آر سی فٹبال گرائونڈ سرینگر میں سالانہ فٹبال ٹورنامنٹ شروع ہوا جس میں جے کے بینک نے شاندار فتح حاصل کی جبکہ دوسرا میچ برابری پر ختم ہوا۔ جموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سالانہ لیگ فٹبال ٹورنامنٹ شروع ہوا۔ افتتاحی میچ اسلامک یونیورسٹی اورتوحید فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا جو برابری پر ختم ہوگیا۔ اسلامک یونیورسٹی کے اطہر نے پہلے ہالف میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول کیا۔دوسرے ہالف میں توحید فٹبال کلب کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اسلامک یونیورسٹی پر تاپڑ توڑ حملے کرتے ہوئے گول کرکے کھیل کو برابری پر پہنچا یااور میچ 1-1 گول کے ساتھ برابری پر ختم ہوگیا۔ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ جموں و کشمیر بینک اور سٹیٹ فٹبال اکیڈمی کے درمیان کھیلا گیا ۔میچ کی شروعات میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ اور بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم میچ کے بارہویں منٹ پر جموں و کشمیر بینک کے کھلاڑی فرقان نے منفرد انداز میں شاندار گول کیا۔