عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
نیویارک //آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں 9 جون کو میگا ایونٹ کے سب سے بڑے میچ ہند وپاک ٹاکرے کی امریکا میں میزبانی کرنے والے اسٹیڈیم کا افتتاح ہو گیا۔آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے۔ میگا ایونٹ کا سب سے بڑا میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان 9 جون کو نیویارک مین شیڈول ہے جس کی میزبانی کرنے والے ناسا کاونٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔آئی سی سی نے نیویارک کے نساؤ کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایتھلیٹ یوسین بولٹ اور لیجنڈ کرکٹرز اسٹیڈیم کی پہلی جھلک دیکھنے گراؤنڈ پہنچے۔ جن میں پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک، انگلینڈ کے لیام پلنکٹ، ویسٹ انڈیز کے سر کرٹلی ایمبروز، یو ایس اے ٹیم کے کورے اینڈرسن اور موناک پٹیل بھی شامل تھے۔اسٹیڈیم آنے والی کھیلوں کی لیجنڈ شخصیات نے بیٹ پر دستخط کیے اور اس دستخط شدہ یادگاری بیٹ کو ٹورنامنٹ کے دوران گراونڈ پر نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔ اسٹیڈیم میں شائقین کی بہترین سہولیات موجود ہیں۔واضح رہے کہ نیویارک کا نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم، پاک بھارت میچ سمیت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 8 میچز کی میزبانی کرے گا۔