سرینگر //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ،وزیربرائے خوراک، رسدات اور امور و صارفین و اطلاعات چوہدری ذوالفقار علی،وزیر اعلیٰ کے صلاحکار پروفیسر امیتابھ مٹو ، نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے ٹھاٹھری ڈوڈہ میں بادل پھٹنے سے ہوئے جانی اور مالی نقصان پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس ناگہانی آفت میں لقمہ اجل بنے افراد کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کی ۔ انہوں نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ متعلقین کو متاثرین کی فوری باز آباد کاری کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر جموں دویندر سنگھ رانا، سجاد احمد کچلو(ایم ایل سی ) ، سابق وزیر خالد نجیب سہروردی نے بھی انسانی جانوں کے اتلاف پر زبردست دکھ کا اظہار کیا ہے۔
میرواعظ کا اظہار رنج
سرینگر// حریت(ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمرفاروق نے ڈوڈہ اور کشتواڑ میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں طغیانی آنے کی وجہ سے جان بحق ہوئے افرادپر اپنے گہرے دُکھ کا اظہارکیا ہے۔ میرواعظ نے اس ناگہانی آفت کے نتیجے میں جاںبحق ہوئے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔