سرینگر//ارشاد احمد// بٹہ مالو میں سیما سرکشا بل کیمپ میں آتشزدگی سے 8رہائشی بارکیں خاکستر ہوگئیں جس میں 7رائفلیں بھی شامل ہیں۔ پولیس کے اعلیٰ حکام کے مطابق ٹٹو گروانڈ بٹہ مالو میں قائم ایس ایس بی کیمپ میں موجود رہائشی بارکوں میں دوران شب تین بجے اچانک آگ نمودار ہوئی جس کی لپیٹ میں 8بارکیں آئیں جن میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا مال و اسباب اور7 رائفلیں بھی راکھ کا ڈھیر بن گئے۔ اس موقعہ پر اگرچہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی درجنوں گاڑیاں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں لیکن آگ اس قدر ہولناک تھی کہ اسکے شعلے دور دور تک نظرآرہے تھے اور فائر سروس عملہ کوآگ بجھانے میں دقتیں پیش آئیں۔کافی مشقت اور کئی گھنٹوں مسلسل کوششوں کے بعدفائر سروس عملے اورایس ایس نے آگ پر کسی حد تک قابو پا لیا ۔آگ کے اس بھیانک واقعہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔پولیس نے کیس درج کرکے آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے تحقیقات شروع کی ہے۔