اننت ناگ//جنوبی کشمیر میں ٹول ٹیکس کے خلاف ٹرانسپورٹروںکی طرف مکمل ہڑتال کے بیچ احتجاجی ریلی نکالی گئی اور گورنر انتظامیہ سے اپیل کی گئی کہ وہ اس فیصلے پر نظر ثانی کرے۔جنوبی کشمیر میںہڑتال کی کال سومو،ٹیکسی،منی و دیگر ٹرانسپورٹ انجمنوںنے مشترکہ طور دی تھی۔اس دوران ضلع اننت ناگ اور کولگام میں ٹرانسپورٹ غائب رہا جس کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ۔ٹرانسپورٹ انجمنوں کے نمائندوں نے مشترکہ طور پراحتجاجی ریلی نکالی اور فیصلے کیخلاف نعرے بازی کی۔اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں ہر طرح کا پبلک ٹرانسپورٹ بند رہا۔ سومو سروس، آٹو، منی بس سروس، ٹرکیں اور برحی غاریاں بھی بند رہیں اور سڑکیں سنسان نظر آرہی تھیں۔نہ کہیں ملازمین پہنچ پائے اور نہ طلاب یا دیگر لوگ کہیں جاسکے۔ٹرانسپورٹ بند ہونے سے کاروبار بھی بہت متاثر رہا۔انجمنوں کا کہنا تھا کہ وہ ٹیکس کے خلاف نہیں ہیں تاہم وادی میں پہلے سے ہی ٹرانسپورٹ شعبہ خسارے میں ہے، لہٰذا بھاری ٹیکس عائد کرنا ان پر ظلم ہے جس میں رعایت دی جائے۔