بلاک میڈیکل افسر نے چیف میڈیکل افسر کو مطلع کیا
اشرف چراغ
کپوارہ//سب ضلع ہسپتال میں ماہرامراض خواتین کو اس وقت پولیس نے احتیاطی حراست میں لیا جب اُ س نے مبینہ طور ایک مریضہ کیساتھ ناشائستہ سلوک کیا،جس کے بعد ہسپتال میں مریضوں اور تیمارداروں نے ڈاکٹر کیخلاف سخت احتجاج کیا۔اس دوران بلاک میڈیکل آفیسر ٹنگڈار نے چیف میڈیکل آفیسر کپوارہ کو اس واقعہ کے حوالے سے ایک خط کے ذریعے مطلع کیا جس میں کہا گیا کہ مذکورہ ڈاکٹر ہر مریض کے ساتھ بد تمیزی کرتا ہے اور اب مریضوں کے ساتھ بد تمیزی اس کا معمول بن گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ پیرکو ایک مریضہ سب ضلع ہسپتال ٹنگڈار میں تعینات ماہر امراض خواتین ڈاکٹر کے پاس آئی اور اس کو علاج کرنے کو کہا جس کے بعد ڈاکٹر اور مریضہ کے درمیان کسی بات کو لیکر توں تو ں میں میں ہوئی اور ڈاکٹر آپے سے باہر ہوگیا اور مریضہ کو ایک تھپڑ رسید کیا جس کے بعد مریضہ اپنے بچے سمیت گر پڑی ۔موقع پر موجود دیگر مریضوں اور تیمادارو ں نے ڈاکٹر کے اس غیر سنجیدہ رویہ کے خلاف زور دار احتجاج کیا جس کے بعد صورتحال بگڑ گئی ۔معاملہ کی نسبت پولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس نے ڈاکٹر کو احتیاطی طور حراست میں لیا ۔مقامی لوگو ں نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیں ۔احتجاج میں شامل ایک بزرگ شہری نے بتایا کہ ہسپتال میں مریض شفاء پانے کے لئے آتے ہیں لیکن اس طرح کے رویے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچ گئی ۔اس دوران بلاک میڈیکل آفیسر ٹنگڈار نے واقعہ سے متعلق چیف میڈیکل آفیسر کپوارہ کو تحریری طور مطلع کیا اور ڈاکٹر کے اس غیر سنجیدہ رویے کو اجاگر کیا ۔خط میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ کئی بار ڈاکٹر سمجھایا کئی بار کہا گیا کہ مریضوں کے ساتھ خوش اسلوبی کے ساتھ پیش آئیں لیکن مذکورہ ڈاکٹر اپنی حرکتو ں سے باز نہیں آیا اور مریضوں کے ساتھ اس کا رویہ مسلسل بد تمیزی کا رہا اور اس نے اپنے رویے میں بہتری لانے کے بجائے من مانی کی ۔