کپوارہ//فوج ،بی ایس ایف اورپولیس نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران ضلع کپوارہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں دراندازی اورمنشیات اسمگلنگ کی ایک کوشش ناکام بنادی ۔فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیاہے کہ فوج نے بی ایس ایف اورپولیس کیساتھ ملکر سرحدپار سے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسمگلروںکو جب حفاظتی اہلکاروںنے للکارا تووہ رات کی تاریکی میں واپس بھاگ جانے میں کامیاب ہوگئے تاہم وہ اپنے پیچھے منشیات کی ایک بھاری کھیپ چھوڑ گئے ۔ لیفٹیننٹ کرنل نے بتایاکہ سیکورٹی اہلکاروں نے منشیات کی یہ کھیپ ضبط کرلی ،جس میں 10کلوگرام ہیروئن ہے ۔بیان کے مطابق بین الااقوامی مارکیٹ میں ضبط شدہ منشیات کی مالیت لگ بھگ پچاس کروڑ روپے بنتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ منشیات اسمگلروں کیساتھ کچھ جنگجو بھی تھے، جودراندازی کی کوشش کیلئے یہاں آئے تھے لیکن اُن کی کوشش بھی ناکام بنادی گئی ۔ منشیات اسمگلروںکو پاکستانی فوج کی پشت پناہی اورحمایت حاصل ہے کیونکہ منشیات اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم کوکشمیرمیں ملی ٹنسی کوفروغ دینے کیلئے صرف کیاجاتاہے ۔