سرینگر// تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کہا ہے کہ ٹنگڈار کے رسل و رسائل کے نیٹ ورک کو استحکام بخشنے کے لئے70 کروڑ روپے سڑکوں کی تعمیر اور اضافی سیلیولر ٹاور نیٹ ورک قائم کرنے پر خرچ کئے جائیں گے۔وزیر نے کہا کہ ٹنگڈار کی معیشت کو بڑھاوا دینے کے لئے قصبہ کے مرکز کو سرحدی علاقوں کے ساتھ جوڑنا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں اعلیٰ قسم کے اخروٹ، زیتون، سیٹرس اور دیگر میوے و سبزیاں بہت تعداد میں پیدا کئے جاتے ہیں اور انہیں ریاست اور ملک کے دیگر علاقوں میں بھیجا جاتا ہے۔سڑک رابطے کی بدولت اور سیلیولر نیٹ ورک کی مدد سے علاقے میں ایک نیا انقلاب لایا جاسکتا ہے اور سماجی و اقتصادی ترقی بھی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔وزیر نے کہا کہ پہلی بار ٹنگڈار میں سڑکوں کی اپ گریڈیشن، وسعت اور میکڈیمائزیشن پر70 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔تاڈ علاقے میں لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ تاڈ کا دو کلو میٹر کا مشکل ترین حصہ اور بائی پاس پُل کی تعمیر جلد ہی ہاتھ میں لی جائے گی۔وزیر نے اس موقعہ پر رمسا کے تحت39 لاکھ روپے کی لاگت سے گنڈ شاٹ میں گورنمنٹ ہائی سکول کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے بچوں کو سرینگر شہر کے دورے پر لایا جائے گا تا کہ انہیں روز گار حاصل کرنے کے نئے مواقعے اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے اداروں کے ساتھ متعارف کرایا جاسکے۔انہوں نے طُلباء سے تلقین کی کہ وہ سرکاری نوکری کے پیچھے نہ بھاگیں بلکہ خود روز گار سکیموں کے ذریعے روز گار کمانے کے مواقعے تلاش کریں۔اس دوران انجینئروں کو سماج کا خاص طبقہ قرار دیتے ہوئے تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے لوگوں کی بہبودی کو یقینی بنانے کیلئے روایتی حکمت کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کو تعمیراتی کاموں میں بروئے کار لانے پر زور دیا۔انجینئر س ڈے کی گولڈن جوبلی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انجینئروں کو علم کے حصول میں آگے بڑھنا ہوگا اور وہ ہمیشہ اپنے آپ کو طالب علم تصور کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ٹیکنالوجی کی بدولت ترقی کر رہی ہے اور ماحول کو مد نظر رکھ کر عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں۔کشمیر کے آرکیٹکچر کی تعریف کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اگر چہ پرانے زمانے کے ترکھانوں اور مستریوں کو جدید ٹیکنالوجی دستیاب نہیں تھی پھربھی اُنہوں نے زلزلے سے بچاؤ اور مضبوط تعمیرات کا قیام عمل میں لایا ہے۔بدقسمتی سے ہم نے اپنے قدیم ماہرین کے ہنر کو بھلا دیا ہے جبکہ اُن کے ہنر سے آج کے لوگوں کو کافی رہبری حاصل ہوسکتی ہے۔اس موقعہ پر وزیر نے دو انجینئروں کو اُن کی بہتر کارکردگی کے صلے میں مومنٹوز سے نوازا ۔سیکرٹری ٹیکنیکل بمل تکو ، چیف انجینئر تعمیرات عامہ شیخ عبدالحمید ، چیئرمین انسٹی چیوٹ آف انجینئر س انڈیا جے اینڈ کے سینٹر و دیگر افسران اس موقعہ پر موجو د تھے۔