بارہمولہ //ٹنگمرگ میں سرکار نے چھ سال قبل لوگوں کو سہولیات بہم پہنچانے کیلئے منی سیکریٹریٹ کیلئے ایک عمارت تعمیرکرنے کا کام شروع کیا جو ہنوز تشنۂ تکمیل ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق 2012 میںاس عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا تاہم پانچ سال گذرنے کے باوجودبھی عمارت نامکمل ہے ۔منی سیکریٹریٹ کیلئے زیر تعمیر یہ عمارت اب کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہے لیکن سرکار اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ منی سیکریٹریٹ کی عدم موجودگی سے ٹنگمرگ کے تمام سرکاری دفاتر مختلف مقامات پر قائم کئے گئے ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔ جس کا انداز اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جگہ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلمرگ کا دفتر محکمہ وائلڈ لایف کی ایک چھوٹی سی عمارت میں ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مخلوط حکومت کا حلقہ انتخاب گلمرگ کے تئیں یہ طرزعمل سراسر نا انصافی ہے ۔لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ منی سیکریٹریٹ کی نامکمل عمارت پر فوری طور دوبارہ کام شروع کیا جائے تاکہ عوام کوایک ہی چھت کے نیچے سبھی سہولیات دستیاب ہوسکیں۔