ٹنگمرگ//ایک غیر سرکاری تنظیم ’پیام انسانیت فورم‘ نے اتوار کو ٹنگمرگ میں سیاحوں کی تواضع کیلئے ایک کیمپ کاانعقاد کیا جس کے دوران سیاحوں کی مہمان نوازی کشمیری قہوہ سے کی گئی۔سیاحوں نے اس مہمان نوازی کوسراہتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لوگ واقعی مہمان نوازہیں اور میڈیا میں کشمیر کے بارے میں جو تاثر دیاجاتا ہے وہ حقیقت کے برعکس ہے۔ٹنگمرگ میںاتوار صبح 9 بجے سے پیام انسانیت فورم کے رضاکاروں نے ڈاک بنگلہ کے نزدیک تواضع کیمپ قائم کرکے سیاحوں کو قہوہ پیش کیا۔ اس موقع پر کئی سیاحوں نے بتایا کہ میڈیا کے کچھ حصوں نے کشمیر کی جو تصویر ان کے سامنے پیش کی تھی وہ یہاں غلط ثابت ہورہی ہے۔دریں اثنا مقامی لوگوں، تاجروں اورٹرانسپوٹروں نے پیام انسانیت فورم کی اس کوشش کی سراہنا کی ہے۔تنظیم کے ایک مقامی ذمہ دار طالب بشیر ندوی نے بتایا کہ یہ تنظیم غیر سیاسی ہے اور اس کا مقصد صرف انسانی بہبود اور خدمت کاکام انجام دینا ہے۔