ٹنگمرگ //ٹنگمرگ میں بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف لوگوں نے محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف احتجاج کیا ۔ ٹنگمرگ ٹریڈرس ایسوسی ایشن،گلمرگ مزدور یونین،گائیڈ ایسوسی ایشن اورٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے مانگ کی کہ فیروزپورہ،درنگ ،قاضی پورہ، چھانہ پورہ ،کٹی پورہ اور ٹنگمرگ بازار کو ریرم فیڈر کے بجائے گلمرگ فیڈر سے جوڑا جائے۔انہوں نے کہا کہ سال 2014 تک ٹنگمرگ قصبہ کو گلمرگ فیڈر سے بجلی فراہم کی جارہی تھی لیکن 2014 کے بعد ٹنگمرگ قصبے کو ریرم فیڈر سے جوڑا گیا جس کے بعد قصبے میںبجلی کی آنکھ مچولی شروع ہوئی۔احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ شام ہوتے ہی قصبہ ٹنگمرگ میںبجلی کی عدم دستیابی سے اندھیرا چھاجاتا ہے اور گھپ اندھیرے کی وجہ سے نزدیکی جنگل سے جنگلی جانور خوراک کی تلاش میں بستیوں کی طرف رخ کرتے ہیں۔احتجاج میں شامل مختلف تاجرانجمنوں سے وابستہ افرادنے مطالبہ کیا کہ ٹنگمرگ قصبے اور آس پاس کے دیہات کو گلمرگ فیڈر سے جوڑا جائے یا شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے۔احتجاجی لوگوں نے محکمہ بجلی کو متنبہ کیا کہ اگر اتوار تک عوام کو بجلی کی عدم دستیابی سے نجات نہیں ملی تو سوموار کو ٹنگمرگ میں محکمہ بجلی کے خلاف ہڑتال اور سرینگر گلمرگ شاہراہ پر دھرنا دیا جائے گا۔