بارہمولہ +کولگام //شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ہفتہ کے روز ایک کمسن لڑکا ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔ بارہمولہ کے بورن پٹن میں ایک آٹھویں جماعت کا طالب علم تکمیل مجید گنائی اُس وقت ٹرین کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوا ، جب وہ اپنی گائے کے ساتھ ریلوے ٹریک پر سے چل رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد کمسن تکمیل مجید کی لاش ورثاء کے سپرد کی گئی۔ دریں اثنا کولگام میں بادل پھٹنے سے ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی ۔جمعہ کی شام دیر گئے کولگام ضلع کے نند مرگ علاقے میں بارشوں کے بیچ زوردار گرج چمک کے ساتھ بادل پھٹنے کا واقع پیش آیا جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اس واقعہ میں18سالہ شبیر احمد گورسی ولد بشیر احمد سکان ہوم پتھری نامی نوجوان پانی کے تیز بہائو میں بہہ گیا اور اس کی موت واقع ہوئی ۔واقعہ کے فوراً بعد پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور شبیر کو مردہ برآمد کرکے اس کی لاش لواحقین کے سپرد کردی۔